وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد کی ملاقات، تمباکو کے تمام کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کی ہدایت

142

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سمگلنگ کی روک تھام اور 15 جولائی تک تمباکو کے تمام کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی ملکی خزانے کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، چیئر مین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیرِ اعظم نے ملک میں سگریٹ اور تمباکو مصنوعات کی غیر قانونی فروخت کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سمگلنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے 15 جولائی تک سگریٹ کے تمام کارخانوں میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ تمباکو کی غیر قانونی فروخت کی مکمل روک تھام کی جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ سمگلنگ اور ٹیکس چوری والے سیگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ملکی خزانے کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔