تیانجن ۔1ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 25 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچ گئے۔ پیر کو کنونشن سینٹر پہنچنے پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شریک رہنمائوں کا گروپ فوٹو سیشن ہوا جس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف شریک ہوئے۔ اجلاس میں اہم عالمی رہنماؤں سمیت کئی رکن ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔
چین کے صدر شی جن پنگ کے افتتاحی خطاب سے اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ انہوں نے ایس سی او کے اغراض ومقاصد، اہداف اور اب تک کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایس سی او وقت کے ساتھ ایک تناور تنظیم بن چکی ہے، یہ تنظیم باہمی اعتماد اور مفاد کے اصولوں کے تحت آگے بڑھ رہی ہے ، ایس سی او ممالک میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات اور گنجائش موجود ہے جس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تجارت، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو قریب لانا ہوگا ۔