وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غریب و متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں ریلیف سے متعلق اجلاس

350

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے معاشی چیلنجز کے باوجود غریب اور متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں خصوصی اقدامات اور زیادہ سے زیادہ عوامی ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھاد پر سبسڈ ی براہ راست کسانوں تک پہنچانے کیلئے جامع پلان تیار کیا جائے، حکومت مستحق کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کو غریب و متوسط طبقے کیلئے بجٹ میں ریلیف سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف،اسحاق ڈار، احسن اقبال، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاونِ خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ مری، معاونین خصوصی شزا فاطمہ اور قیصر شیخ کے علاوہ جدید فارمنگ کے ماہر احمد عمیر اور آئی ٹی کے شعبے سے آصف پیر وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کھاد پر سبسڈی براہ راست کسانوں تک پہنچانے کیلئے ایک جامع پلان تشکیل دے کر پیش کیا جائے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچایا جائے ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مستحق کسانوں کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے میں معاونت فراہم کرے گی، ٹیوب ویلز کی سلورآئیزیشن سے ایندھن کا درآمدی بل کم ہوگا اور کسانوں کی فی ایکڑ پیداواری لاگت کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں نیچے آتے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر مستحق لوگوں کی شمولیت یقینی بنائی جائے، یقینی بنایا جائے کہ ملک بھر میں کوئی بھی مستحق بیوہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سے باہر نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق طلباء و طالبات کو وظائف سے اعلیٰ تعلیم و پیشہ وارانہ ہنر سے لیس کیا جائے گا، حکومت اس مقصد کیلئے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا قیام یقینی بنارہی ہے، ہم ہمیشہ کی طرح ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، لیپ ٹاپس اور روزگار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے، حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار و عصری تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم یوتھ لون پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر نوجوانون کو آسان شرائط پر قرض سے کاروبار میں سہولت فراہم کی جائے گی، نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کرکے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھائی جائیں گی، نوجوانوں کو فری لانسنگ اور پیشہ وارانہ تربیت سے لیس کرکے خود روزگاری میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے چار سالہ سیاہ دور میں نوجوانوں میں نفرت و انتشار کے جذبات، ڈنڈے اور پٹرول بم تھمائے گئے، ہم اپنی نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لا کر ملک و قوم کی ترقی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کی ترقی کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔