وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی کاپ۔29 سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات، ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار

178
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی کاپ۔29 سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات، ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق عالمی رہنماؤں کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس (کاپ۔29) کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے باکو میں ورلڈ لیڈرز کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے کامیاب انعقاد پر صدر الہام علیوف کو مبارکباد دی۔

انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اس حوالے سے بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کے صدر الہام علیوف کے وژن اور عزم کو سراہا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان زہریلی گیسوں کے اخراج میں معمولی حصہ ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے آذربائیجان اور عالمی برادری کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق چیلنجز پر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان آذر بائیجان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی اور دفاعی تعاون میں سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور عوامی روابط کے ساتھ ساتھ ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔