اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہاہے کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔ جمعرات کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے واقعے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ۔
وزیرِ اعظم نے جاں بحق افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کےلئے صبر کی دعاکی۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے فرد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے ،واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین اور قرار واقعی سزا یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، معصوم لوگوں کے خلاف شرپسند عناصر کی بزدلانہ کاروائیاں ان کی حیوانیت کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576600