اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ، شمالی وزیرستان کے علاقہ میران شاہ میں دہشت گردوں کے خودکش حملے میں فوجی جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے جام شہادت نوش کرنے والے نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمدابراہیم، سپاہی جہانگیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحت یابی اور شہداء کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے چوکی پر حملے کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ناکام بنایا اور قوم کو بہت بڑے نقصان سے بچایا، پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کے بہادر جوان اپنے خون سے اس ملک کی بقاء کی آبیاری کر رہے ہیں۔