وزیرِ اعظم کا پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کےلئے روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور

126
Prime Minister
Prime Minister

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کےلئے روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے ازبک سفیر کے ذریعے صدر ازبکستان شوکت مرزیوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گزشتہ ماہ تاشقند کے دورے کے دوران ان کے اور پاکستانی وفد کی مہمان نوازی کے لئے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

 

وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات پر ہونے والی شاندار پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جس میں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کی تشکیل کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاشقند سے واپسی پر انہوں نے متعلقہ شعبوں کے وزراکو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ دورے کے دوران ہوئے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خاص طور پر کان کنی اور معدنیات، ریلوے (بشمول ٹرانس افغان ریلوے پروجیکٹ)،خصوصی اقتصادی زونز، بینکنگ، سیاحت، ثقافت اور قابل تجدید توانائی میں ازبکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت کو 2 بلین ڈالر تک بڑھانے پر کام کرنے کے لئے ایک روڈ میپ وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس پر دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین اتفاق کیا گیا تھا۔ ازبک سفیر نے وزیر اعظم کی نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر شوکت مرزیوف پاکستان کے ساتھ ازبکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین سیاسی تعلقات کو باہمی طور پر مفید اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صدر مرزیوف نے رواں برس کے آخر میں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی وزیر اعظم کی دعوت قبول کر لی ہے، جس کے لئےتاریخوں کے تعین پر فریقین کے درمیان بات چیت جاری ہے۔