اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی اور شر پھیلانے والے فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے لکی مروت میں پانچ، بنوں میں 2 اور میر علی شمالی وزیرِ ستان میں 2 بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
وزیرِ اعظم نےشمالی وزیرِ ستان میں خارجیوں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے ارض وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی فرہاد علی طوری اور لانس نائیک صابر آفریدی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردوں اور خطے میں موجود انکے سرپرستوں کے پاکستان کا امن تباہ کرنے کے ناپاک عزائم کو یونہی خاک میں ملاتے رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599100