اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):پاکستان کی سیمنٹ اور کلنکر برآمدات کی مسابقت کو بڑھانے کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان کی زیرصدارت جمعہ کو سیمنٹ اور کلنکر برآمدات کے ٹاسک فورس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات کو بڑھانے اور موجودہ چیلنجز کے حل کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے پر توجہ دی گئی۔حکومت اور صنعت کے نمائندوں نے مل کر کام کرنے اور سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات کی مسابقت کو بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
اجلاس میں اہم مسائل جیسے ایکسل لوڈ ٹیکس، ذخیرہ اندوزی، بندرگاہوں کی بھیڑ، اور ریلوے کنکٹیویٹی پر غور کیا گیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت سیمنٹ انڈسٹری کو برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیمنٹ انڈسٹری کو برآمدات کے فروغ کے لئے مکمل معاونت دے گی۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ مسائل کے حل کے لئے مل کر تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی ترقی کے لئے ضروری ہے۔
پاکستان کی عالمی سیمنٹ مارکیٹ میں پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لئے معاون خصوصی نے ایک متحدہ اور مسلسل کوشش کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں اپنی سیمنٹ کی عالمی مسابقت بڑھانے کے لئے دن رات کام کرنا ہوگا۔علاوہ ازیں ہارون اختر خان نے ٹاسک فورس میں ذیلی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی اور انہیں برآمدات کے فروغ کی حکمت عملیوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی نئی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔وزارتِ صنعت و پیداوار سیمنٹ سیکٹر کی حمایت کے لئے پرعزم ہے تاکہ یہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو بڑھا کر ملک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600658