وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات، عصرِ حاضر کے تغیراتی جیوسٹرٹیجک و جیو پولیٹیکل ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

143
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات، عصرِ حاضر کے تغیراتی جیوسٹرٹیجک و جیو پولیٹیکل ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران عصرِ حاضر کے تغیراتی جیوسٹرٹیجک و جیو پولیٹیکل ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں ایئر چیف نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کے چین کے آئندہ دورے کی مناسبت سے پاکستان کے دوست ملک چین کے ساتھ تعاون اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے شعبے میں سمارٹ انڈکشنز کے ذریع’’ےپی اے ایف ماڈرنائزیشن پروگرام‘‘ سے متعلق امور پر معلومات فراہم کیں۔ ملاقات میں دونوں پڑوسی ممالک کے مابین دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیر خارجہ نے پی اے ایف کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کو نیکسٹ جنریشن ایئر فورس کے طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے قائد اعظم کے وژن "سیکنڈ ٹونن” پر عمل پیرا پاک فضائیہ کو ملک کا ناقابل تسخیر دفاع فراہم کرنے پر سراہا۔ اس موقع پر ائیر چیف نے دنیا میں پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں وزارت خارجہ کے کردار کی تعریف کی۔