
اسلام آباد ۔ 16 مئی (اے پی پی) وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے آئی جی فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان (ساﺅتھ) میجر جنرل سردار طارق امان نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسزکی کاوشیں اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، پوری قوم سول آرمڈ فورسز کے افسران اور جوانوں کی انتھک محنت اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور سی پیک کے پیش نظر ایف سی کا کردار مزید اہمیت اختیار کر چکا ہے، داخلی سیکورٹی سے متعلقہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ضروری ہے کہ ایف سی اہلکاروں کی تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے خصوصاً ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت پاکستان داخلی و خارجی سیکورٹی کے حوالہ سے سول آرمڈ فورسز کے اہم کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تمام آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے اور ان کی استعداد کار بڑھانے کےلئے ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار برسوں میں سول آرمڈ فورسز کی پیشہ وارانہ ضروریات کو پورا کرنے، کارکردگی کی مزید بہتری اورنئے ونگز کے قیام کےلئے 80 ارب سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں جو کہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت نہ صرف سول آرمڈ فورسز کی خدمات کو سراہتی ہے بلکہ اس میں مزید بہتری اور فعالی کی خواہاں ہے۔