اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سپاٹ فکسنگ میں ملوث تمام کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دےدی۔ وزیرِ داخلہ نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ان بکیز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو اس گھناونے کاروبار میں ملوث ہیں۔ یہ فیصلہ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، نادرا، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کے سینئر افسران شریک تھے۔ ای سی ایل پر ڈالے جانے والے کھلاڑیوں میں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔ سپاٹ فکسنگ کے معاملہ پر ایف آئی اے حکام کی جانب سے وزیرِ داخلہ کو بتایا گیا کہ خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کو اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیئے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی کل اپنے بیانات دیں گے۔ وزیرِ داخلہ نے پی ٹی اے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرکٹ میں جوا لگانے اور اس کو فروغ دینے والی تمام ویب سائٹس کو بھی بند کرنے کے حوالہ سے اقدامات کئے جائیں تاکہ اس گھناونے کاروبار کا سدباب کیا جا سکے۔