وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے استنبول میں منعقدہ ترکیہ ایجوکیشن ٹیکنالوجیز سمٹ اینڈ فیئر (TETZ 2026) کے موقع پر ترکیہ کے وزیرِ قومی تعلیم یوسف تکین سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت، تعلیمی ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کی استعداد کار کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیرِ مملکت وجیہہ قمر کی ترکیہ کے وزیرِ قومی تعلیم یوسف تکین سے ملاقات، دوطرفہ تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

مزید خبریں
استنبول۔30جون (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے استنبول میں منعقدہ ترکیہ ایجوکیشن ٹیکنالوجیز سمٹ اینڈ فیئر (TETZ 2026) کے موقع پر ترکیہ کے وزیرِ قومی تعلیم یوسف تکین سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت، تعلیمی ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کی استعداد کار کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم، زبانوں کی تعلیم، تعلیمی ٹیکنالوجی، ثقافتی روابط اور جامعات کے درمیان اشتراکِ عمل کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر جامع تعلیمی تعاون کے معاہدے پر دستخط، مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام اور دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان مؤثر روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار خصوصاً زبانوں کی تدریس کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ اس ضمن میں پاکستان میں ترک زبان اور ترکیہ میں اردو زبان کی تعلیم کے لئے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید پلیٹ فارمز کی تیاری اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ عوامی روابط اور ثقافتی ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور نئے تعاون کے فریم ورک تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، ہنرمندی، ڈیجیٹل لرننگ، اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت اور تعلیمی جدت کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات دونوں ممالک کے نوجوانوں کے روشن مستقبل اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ترکیہ کے وزیرِ قومی تعلیم یوسف تکین نے پاکستان کے ساتھ تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کو مشترکہ تعلیمی منصوبوں، علمی روابط اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ملاقات میں پاکستان میں ترکیہ کے تعلیمی قونصلر، وزارتِ قومی تعلیم ترکیہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و خارجہ امور سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور طے شدہ اقدامات کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے گی تاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔








