وزیر اطاعات چوہدری فواد حسین کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی ویژن نے دوسری سربراہی کانفرنس 1974کی مکمل کوریج کی آرکائیو کو ایچ ڈی کوالٹی میں محفوظ کر لیا

107
کابینہ اور پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل (جمعہ) ہوگا، وزیراعظم کل رات قوم سے خطاب بھی کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا ٹویٹ

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی ویژن نے دوسری سربراہی کانفرنس 1974کی مکمل کوریج کی آرکائیو کو پہلی بار ایچ ڈی کوالٹی میں محفوظ کر لیا ۔

یہ کاوش پی ٹی وی کی انتظامیہ نے وزیر اطاعات چوہدری فواد حسین کی ہدایت کے مطابق کی ہے۔1964 ء میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک قومی نشریاتی ادارے کی حیثیت سے پاکستان ٹیلی ویژن کے کیمرے کی آنکھ نے تمام ملکی اور غیرملکی واقعات کی کوریج اپنے ناظرین تک پہنچائی ہے،ایک ایسا ہی موقع 1974ء میں 22 سے 24 فروری تک ہونے والی دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس تھی جس کی پاکستان ٹیلی ویژن نے مکمل کوریج کی ،1974ء میں لاہور میں ہونے والی دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس ایک ایسا موقع تھا جس پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز تھیں

،اس کانفرنس میں سعودی عرب کے اس وقت کے فرمانروا شاہ فیصل مرحوم، مصر کے انوار السادات، لیبیا کے معمر قذافی، متحدہ عرب امارات سے شیخ زید النیہان اور فلسطین کے یاسرعرفات سمیت اسلامی دنیا کے تمام بڑے رہنما شریک تھے۔پاکستان کے اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ان تمام رہنمائوں کا استقبال کیا اور مسلم دنیا کے اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔کانفرنس میں شرکت کے علاوہ اسلامی دنیا کے ان رہنمائوں نے لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں باجماعت نماز ادا کی اور شہر کے تاریخی مقامات دیکھے،شرکاء نے پاکستان کی میزبانی اور کانفرنس کے انتظامات کوسراہا تھا ۔

پاکستان ٹیلی ویژن نے دوسری سربراہی کانفرنس کے حوالے سے ایک خصوصی نغمہ بھی تیار کیا تھا جو آج بھی بے حد مقبول ہے، نغمے کے خالق مشہور شاعر موسیقار اور گلوکار پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر پروڈیوسر مہدی ظہیر مرحوم تھے ۔دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس کی مکمل کوریج پاکستان ٹیلی ویژن کے لاہور مرکز نے کی تھی جو آج بھی آرکائیو میں محفوظ ایک قیمتی اثاثہ ہے۔