مظفر آباد۔ 22 مئی (اے پی پی):وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر مرحوم نے اپنی پوری زندگی اسلام، پاکستان، آئین و پارلیمنٹ کی سربلندی، علم و دعوت کے فروغ اور اتحاد امت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یادر کھا جائے گا۔وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نےمرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قانون ساز اسمبلی میں قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے یہ ایوان انتہائی رنج والم کے ساتھ مملکت پاکستان کے ممتاز دینی و سیاسی رہنما، چیئر مین قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان، سر براہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان، سینئر پارلیمنٹرین اور عالم دین حضرت مولانا سینیٹر پروفیسر ساجد میرکی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔
سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے اپنی پوری زندگی اسلام، پاکستان، آئین و پارلیمنٹ کی سربلندی، علم و دعوت کے فروغ اور اتحاد امت کے لیے وقف کر رکھی تھی وہ نہ صرف ایک جید عالم دین تھے بلکہ قومی و بین الا قوامی سطح پر ایک باوقار اور مدلل آواز کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔ ان کی قیادت میں مرکزی جمعیت اہل حدیث نے دینی و قومی میدان میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی پارلیمانی خدمات خصوصاً امور کشمیر کے حوالے سے ان کی بصیرت افروز تجاویز اور مضبوط موقف ہمیشہ یادر کھا جائے گا۔یہ ایوان ان کی دینی، سیاسی، علمی اور قومی خدمات کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے پسماندگان، عقیدت مندوں اور جماعت کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600421