29.9 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولاناپیر محمد مظہر سعید شاہ...

وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولاناپیر محمد مظہر سعید شاہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوات بالا کیلئے اضافی عمارت کا افتتاح کر دیا

- Advertisement -

نیلم ۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مولاناپیر محمد مظہر سعید شاہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوات بالا کیلئے اضافی عمارت کا افتتاح کر دیا۔وزیراطلاعات نے اپنی ذاتی اے ڈی پی سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوات بالا میں زیر تعلیم سینکڑوں طالبات کو درپیش مکانیت کا مسئلہ حل کر دیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات نے نو تعمیر عمارت کے تعمیراتی کام کا معائنہ بھی کیا۔ پیر مظہر سعید شاہ کے اعزاز میں عوام علاقہ کی جانب سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوات بالا میں ایک پروقار تقریب کاانعقاد کیاگیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات آزاد کشمیر پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے ہمیں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوات بالا کی طالبات کیلئے اضافی عمارت کی تعمیر کی توفیق دی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اعلانات کے بجائے عوام کی حقیقی معنوں میں فلاح وبہبود پر یقین رکھتے ہیں،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوات بالا کا یہ منصوبہ اس حوالے سے مثالی ہے کہ اگر اخلاص اور خدمت کا جذبہ ہو تو اتنی کم لاگت میں بھی اس قسم کے منصوبے کی تعمیر ممکن ہے،بی ایچ یو لوات کیلئے میڈیکل آفیسر کو تعینات کر دیا ہے،

- Advertisement -

وزیر اعظم آزاد کشمیر کی خصوصی دلچسپی سے بی ایچ یو لوات کیلئے میڈیکل ٹیکنیشن، ایل ایچ وی اور مزید اسامیاں بھی تخلیق کررہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے ہونہار طالبہ کے مطالبے پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوات بالا کیلئے فرنیچر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہماری یہ کاوش سکول میں زیر تعلیم طالبات کیلئے خیر کا سبب بنے اور انہیں علاقے کی ترقی اور عوام کے لئے مفید بنائے۔ انہوں نے کہا کہ میں 27 لاکھ کی انتہائی کم لاگت سے فوری اور معیاری عمارت کی تعمیر پر ٹھیکیدار خواجہ اسلم سمیت دیگر احباب جنہوں نے اس کو مکمل کرنے کیلئے شب و روز محنت اور لگن سے کام کیا سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے این ٹی ایس کے ذریعے تین ہزار سے زائد معلمین اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سینکڑوں خالی اسامیوں کے خلاف میرٹ پر تعینات کیے جس سے بغیر سفارش کے غریب نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر روزگار فراہم ہو گیا ہے،نیلم کا عام نوجوان بغیر سفارش کے احتساب بیورو میں آفیسر کیڈر میں تعینات ہو گیا ہے۔ ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 147 ڈاکٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسلر ڈاکٹر غلام محمد، ممتاز سیاسی رہنما صادق حسین شاہ، چیئرمین یونین کونسل لوات طاہر شاہ اور سیاسی کارکن طارق شاہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لوات بالا کی مکانیت کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر وزیر اطلاعات پیر مظہرسعید شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے سالک آباد دربار میں دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515574

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں