وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری سے گوجرانوالہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی ملاقات

7

لاہور۔13جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری سے گوجرانوالہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں نے ملاقات کی، ملاقات میں صحافتی امور، ادارہ جاتی تعاون اور مقامی میڈیا کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عظمی بخاری نے نومنتخب صدر رانا انصر، سینئر نائب صدر شفقت عمران،نو منتخب سیکٹری جنرل ذیشان طاہر، صدر گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس یاسر جٹ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر راجہ حبیب کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

وزیر اطلاعات نے نومنتخب باڈی کو ہدایت کی کہ گوجرانوالہ پریس کلب کو تمام صحافیوں کے لیے اوپن پلیٹ فارم بنایا جائے تاکہ آزادی اظہار، پیشہ ورانہ تربیت اور اتحاد کو فروغ دیا جا سکے۔وفد کی جانب سے عظمی بخاری کا شکریہ ادا کیا گیا اور انہیں گوجرانوالہ کے دورے کی دعوت دی گئی، جسے وزیر اطلاعات نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ جولائی کے پہلے ہفتے میں گوجرانوالہ کا دورہ کریں گی۔

دورے کے دوران وزیر اطلاعات نومنتخب عہدیداروں سے باقاعدہ حلف لیں گی اور پریس کلب کے اراکین سے خصوصی ملاقات بھی کریں گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ صحافی برادری جمہوریت کا ستون ہے اور حکومت پنجاب صحافت کے فروغ اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ملاقات میں سیکرٹری انفارمیشن سید طاہر رضا ہمدانی، ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری بھی موجود تھے۔