اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کی جانب سے کچھ صحافیوں اور اینکرز کے پروگراموں کا بائیکاٹ کرنے سے متعلق جاری سرکلر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس عمل کی مذمت کی۔
جمعرات کو اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا یہ طرزِ عمل افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نےکہا کہ صحافیوں کو بھی تقسیم اور نفرت کی سیاست کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، اختلاف رائے کو برداشت کرنا سیکھیں، پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اس سرکلر سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ معاشرے میں انتشار اور تقسیم کو پھیلانے والی تحریک انصاف نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔