مظفرآباد۔ 05 فروری (اے پی پی) آزادکشمیر ،پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں نے یوم یکجہتی کشمیر شایان شان طریقے سے منایا اور مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے عظیم مقصد کے لیے برسرپیکار کشمیریوں سے والہانہ انداز میں یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایت پرمقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے آزاد کشمیر بھر میں جلسے جلسوس اور یلیاں نکالی گئیں۔وزیرا عظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں دارلحکومت مظفرآباد میں ایک عظیم الشان یکجہتی ریلی نکالی گئی جو چھتر چوک سے براستہ نلوچھی بائی پاس واپس چھتر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، وزراءکرام،راجہ نثار احمد خان ،محترمہ نورین عارف،مشتاق احمد منہاس،چوہدری محمد عزیز، بیرسٹر افتخار گیلانی،سید شوکت شاہ،سردار فاروق سکندر،ناصر ڈار، ممبران اسمبلی اور تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کےساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=40990