وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال آٹھمقام کا دورہ

90

نیلم۔4فروری (اے پی پی):وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال آٹھمقام کا دورہ کیا، مختلف شعبہ جات سمیت او پی ڈی میں مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر وزراء حکومت میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ، فیصل ممتاز راٹھور، سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر محمد فرید خان، ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر فاروق نور بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر محمد فرید خان سے محکمہ صحت عامہ کے ڈاکٹرز کی مامورگی کی نسبت محکمانہ رولز پر بریفنگ لی اور غیر حاضر اور کام نہ کرنے والے ڈاکٹرز کو فوری طور پر فارغ کرنے کی ہدایت کی۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال آٹھمقام میں ڈاکٹرز کی خالی اسامیوں کے خلاف کنٹریکٹ پر تعیناتیاں عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر سردار سجاد حسین سے ہسپتال میں تعینات ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرامیڈیکل سٹاف پر بریفنگ لینے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال آٹھمقام سے تنخواہیں لینے والے ڈاکٹرز کی منسلکی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے ڈاکٹرز کی مامورگی پر پابندی لگانے کی ہدایت کی اور موقع پر ڈاکٹرز کو فوری طور پر اصل جائے تعیناتی پر حاضر کرنے کے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نیلم کے ہسپتالوں سے تنخواہ لینے والے ڈاکٹرز بہر صورت نیلم میں کام کریں گے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے ایم ایس ڈی ایچ کیو سے ہسپتال کے مسائل پر بریفنگ لینے کے بعدڈی ایچ کیو ہسپتال آٹھمقام کیلئے پٹرول کا بجٹ 6لاکھ 90 ہزار سے10 لاکھ تک بڑھانے کی ہدایت کی اور ایمبولینس کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال آٹھمقام میں آپریٹو سمارٹ آئی سی یو کے قیام کیلئے فزیبیلیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ڈی ایچ او سے ٹی ایچ کیو کیل میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرامیڈیکل سٹاف پر تفصیلی بریفنگ لی اور مقامی ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ پر تعینات اور ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کو ہارڈ ایریا الاؤنس دینے کے احکامات جاری کر دئیے۔ ٹی ایچ کیو کیل کیلئے فور بائی فور ایمبولینس فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ حصول اراضی کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ڈسٹرکٹ ہسپتال آٹھمقام میں بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔ ادویات کی فراہمی کی نسبت شکایت کے حوالے سے موقع پر انکوائری کے احکامات جاری کئے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ایم این سی ایچ ملازمین کے مسائل سنے اور حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیلم کا دورہ کرنے کا مقصد یہاں کے لوگوں کا دکھ درد محسوس اور مسائل سے آگاہی حاصل کر کے ان کو حل کرنا ہے۔

شدید موسمی حالات کے دوران بالائی نیلم میں سفری اور طبی سہولیات کی فوری فراہمی کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ ہیلتھ ایمرجنسی رسپانس کے دوران پاک فوج کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ حکومت کا کام وسائل فراہم کرنا ہے جو ہم نے کر دیئے ہیں۔ مثبت تبدیلی کیلئے عوام، منتخب نمائندوں اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ دشوار گزار علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ بنیادوں پر پانچ لاکھ تنخواہ کے عوض تعینات کر رہے ہیں تا کہ ڈاکٹرز کی دستیابی کا مسئلہ نہ ہو۔