وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت لائن آف کنٹرول کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

155

مظفرآباد ۔ 26 جون (اے پی پی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیری قائد اعظم اور پاکستان کے ساتھ اپنا نظریاتی رشتہ نبھانے کےلئے قربانیوں کی داستان رقم کررہے ہیں ۔ لائن آف کنٹرول پر6لاکھ 10ہزار افراد براہ راست ہندوستانی فائرنگ کے سامنے ہیں۔ ہندوستانی گولہ باری نے گھر اجاڑ دیے اور خاندانوں کے سہارے چھین لیے۔ ایل او سی کے عوام کےلئے خصوصی پیکج دینے پر وفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ جب تک ریاست جموں وکشمیر کے چپے چپے سے ہندوستان کے ناپاک قدم نہیں اکھڑ جاتے کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ہندوستان کو کشمیریوں پر ڈھائے گئے مظالم کا حساب دینا ہوگا۔ نریندر مودی نے جو کھیل شروع کیا ہے خود بھی اس کا شکار ہوگا ۔ لداخ میں جو ہوا وہ دنیا دیکھ چکی ہے ۔ ہندوستان کا نشانہ کشمیری نوجوان ہیں ، آج بھی 3کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کااظہا ر انہوںنے مظفرآباد میں وفاقی حکومت کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت لائن آف کنٹرول کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان عمران خا ن نے متاثرین ایل او سی میں امدادی چیکس تقسیم کیے جبکہ صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان ، وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور اور چیئرپرسن احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔ وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ کشمیریوں کی بھرپور حمایت کرنے پر حکومت پاکستان ، تمام سیاسی جماعتوں اور پاکستانی قوم کے شکرگزار ہیں۔ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ رشتہ نظریاتی ہے ۔ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم جب 1944میں کشمیرتشریف لائے تو اس وقت ہم نے فیصلہ کر لیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے عوام اور ایل او سی پر بسنے والے شہریوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہا ہے ۔ ہندوستان فوج کی فائرنگ سے ایل او سی پر بسنے والے شہری شدید مصائب کا شکار ہیں ۔ ہندوستانی گولہ باری سے پیش آنے والی مشکلات کا ذاتی طور پر جائزہ لے چکا ہوں۔ ایل او سی کے عوام کےلئے خصوصی پیکج دینے اور ان کا دکھ درد محسوس کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکرگزار ہوں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ افواج پاکستان کے شکرگزار ہیں جو ہمارے دفاع کےلئے برسرپیکارہے اور قربانیاں دے رہی ہے ۔ اگر ہندوستان نے غلطی کی تو آزادکشمیر کے لوگ اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہونگے اور اس فسطانیت کا قبرستان بنائیں گے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہندوستان انسانیت کی تمام حدیں پار کر چکا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام5اگست کے بعد بھارت کے فوجی محاصر ے میں ہیں اور کرونا جیسی نازک صورتحال کے باوجود ہندوستانی مظالم میں کمی نہیں آئی ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ برس جنرل اسمبلی میں اچھی تقریر کی ۔ راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ آج بھی تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے ۔ہندوستان کا خاص نشانہ کشمیری نوجوان ہیں ۔ ہندوستان نے ساری سیاسی قیادت کو نظر بند کر دیا ہے ۔اس سے قبل ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں وزیراعظم پاکستان کو آزادکشمیر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھاے جانے والے اقدامات لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے پیدا ہونیوالی صورتحال، ایل او سی پیکج ،حکومت پاکستان کے تعاون سے شروع ہونیوالے پراجیکٹس، نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم پر بریفنگ دی گئی۔ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے 3 جی اور 4 جی کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل سے بھی وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کیا گیا جس پر وزیراعظم پاکستان نے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے نیلم جہلم کے حوالے سے اعلی سطحی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی وزیراعظم پاکستان سے گزارش کی کہ وہ اس میں ذاتی دلچسپی لیں۔