وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کی پوری قوم اور امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد

207
وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف کی پوری قوم اور امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے آس پاس غریبوں اور محتاجوں کو یاد رکھنا چاہیئے اور اپنی استطاعت کے مطابق ان کی مدد کرنی چاہیئے، ہمیں ان لاکھوں فلسطینی اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا ہے جو ظلم و جبر کا شکار ہیں اور متحد ہو کر اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانی ہے،یہ وقت ہے کہ ہم امتِ مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط کریں اور باہمی تعاون و اخوت کو فروغ دیں۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک1446ھ کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ایک بار پھر ہمیں رمضان المبارک کی سعادت نصیب ہو رہی ہے۔یہ مہینہ رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا ہے، جس میں اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی قربت عطا فرماتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان کا اصل پیغام صبر، شکر، ہمدردی اور اخوت و ایثار ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جو ہمیں دوسروں کے دکھ درد کا احساس دلاتا ہے۔

آج جب ہم اللہ کی نعمتوں پر شکر بجا لاتے ہیں تو ہمیں اپنے آس پاس غریبوں اور محتاجوں کو بھی یاد رکھنا چاہیئے اور اپنی استطاعت کے مطابق ان کی مدد کرنی چاہیئے۔ ہمیں ان لاکھوں فلسطینی اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا ہے جو ظلم و جبر کا شکار ہیں اور متحد ہو کر اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانی ہے۔یہ وقت ہے کہ ہم امتِ مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط کریں اور باہمی تعاون و اخوت کو فروغ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اس مہینے کی برکت سے اللہ تعالیٰ پاکستان کو استحکام نصیب فرمائے اور ہمیں توفیق دے کہ ہم عوام کی خدمت کریں اور پاکستان کو اقوام عالم میں اس کا جائز مقام دلائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ اس بابرکت مہینے میں ہم سب زیادہ سے زیادہ عبادات کریں، غریبوں اور محتاجوں کی مدد کریں اور اپنی دعاؤں میں فلسطین، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور پوری مسلم اُمہّ کو یاد رکھیں۔ اللہ تعالیٰ رمضان کی برکتوں سے ہمیں نوازے اور ہمیں آپس میں محبت اور بھائی چارے کے رشتے میں جوڑ دے۔