کوئٹہ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے فاصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 40 روپے کمی عوام کیلیے بڑا ریلیف ہے، وفاقی حکومت نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی قیادت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، وزیر اعظم کے عوام دوست فیصلوں پر نہ صرف بلوچستان بلکہ پورا پاکستان آپ کو سلام پیش کرتا ہے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان نے مزید کہا کہ ملک اب معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے ، عوامی مفادات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔
جان اچکزئی نے زور دیا کہ ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کریں، پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانا انتہائی ضروری ہیں، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ ہر فرد اپنا کردار احسن طریقے سے انجام دے تاکہ وطن پاک کی خدمت صحیح معنوں میں کی جا سکے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=401663