لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی کوآرڈینیٹر برائے کلچر و نیشنل ہیریٹج فرح دیبا نے صحافیوں اور میڈیا کارکنان کیلئے پرائم منسٹر ہیلتھ انشورنس اسکیم کے اجراپر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے اہم سنگ میل ہے، اس سکیم سے ان افراد کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی جو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں اکثر صحت کے مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔فرح دیبانے وزیر اعظم محمدشہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کی طرف سے جرنلسٹس ہیلتھ انشورنس پالیسی کے اجرا کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز کے لئے حکومت کی جانب سے علاج معالجہ میں سہولت کیلئے یہ مثبت پیش رفت ہے جس سے ورکنگ جرنلسٹس اور میڈیا ورکرز اپنے علاج کے لئے مفت طبی سہولیات کی رسائی حاصل کرتے ہوئے 10لاکھ روپے تک کا علاج کروانے کے ساتھ ساتھ موذی امراض لاحق ہونے کی صورت میں علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کارکنان ملک میں آزاد اور مستند اطلاعات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ، ان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کی جانب سے اس اسکیم کو متعارف کرانے کو تاریخی اقدام قرار دیا، جو میڈیا انڈسٹری کی فلاح و بہبود کے لیے مثبت قدم ہے۔اس اسکیم کے تحت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج، ہسپتال میں داخلے اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ فرح دیبا نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام میڈیا انڈسٹری کے استحکام اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین مثال ہے۔