وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھر میں سٹورز پر سبسڈائزڈ اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ، ترجمان یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن

119
utility store
utility store

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ،پیکیج کے تحت 19 بنیادی اشیاء پر خصوصی سبسڈی دی جارہی ہے جو عید الفطر تک جاری رہے گی۔

منگل کو ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے مفت آٹے کی سپلائی بھی زور و شور سے جاری ہے ، عوام کی مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے سپلائی کے اوقات میں اضافہ کیا گیا ہے، صبح ساڑھے 8 بجے سے لے کر شام ساڑھے 5 بجے تک اور پھر افطار کے بعد 7 بجے سے لے کر رات 11بجے تک عوام کو مفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے ۔ منگل 28 مارچ سے نئے آنے والے صارفین کو ایک ساتھ 3 تھیلے 10 کلو کے فراہم کئے جارہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق جن صارفین کو پہلے ایک 10 کلو کا تھیلہ ملا ہے وہ 29 مارچ سے 2 مزید تھیلے 10 کلو کے فوری حاصل کر سکتے ہیں ، جو صارفین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹر ڈ نہیں اور وہ مفت آٹا ڈسٹری بیوشن مراکز وزٹ کرتے ہیں تو ان کو فی خاندان ایک 10 کلو کا تھیلہ مفت دیا جائے گا۔ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت صرف چینی، آٹا اور گھی پر شناختی کارڈ دکھانا ہوگا، دیگر اشیاء کی خریداری کیلئے کوئی شرائط لاگو نہیں ، عوام اس شاندار پیکیج سے فائدہ اٹھانے کے لئے قریبی یوٹیلیٹی سٹورز پر تشریف لائیں۔