وزیر اعظم سیلاب کے بعد ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھے ،ہر وقت متاثرہ علاقوں کا دورہِ کر کے متاثرین کی بحالی کے کام کر رہےہیں،قمر زمان کائرہ

115
Qamar Zaman Kaira

گلگت۔4ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نےکہا ہے کہ وزیر اعظم سیلاب کے بعد ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھے ،ہر وقت متاثرہ علاقوں کا دورہِ کر کے متاثرین کی بحالی کے کام کر رہےہیں، اس سیلاب کے بعد ہمارے دوست ممالک اور اندرون ملک سے جن جن دوستوں اور بھائیوں نے مدد کی ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اتوار کو گلگت میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں کے سیلاب نے پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان کو شدید متاثر کیاہے، سیلاب کے بعد حکومت کا ایک ایک فرد اور ادارے کی کوشش رہی ہے کہ متاثرین جلد اپنی پہلی والی روز مرہ کی زندگی کی طرف لوٹ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سیلاب کے بعد ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھے ،ہر وقت متاثرہ علاقوں کا دورہِ کر کے متاثرین کی بحالی کے کام کر رہےہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کا این ڈی ایم اے،جی بی ڈی ایم اے اور پاک فوج کے ذریعے سروے کیا جائے گا جس کے بعد ان کی مالی مدد کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد تاجروں نے چیزیں مہنگی کر دی ہیں اس لئے صوبائی حکومتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر نظر رکھیں۔