نیویارک ۔ 17 ستمبر (اے پی پی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دہشتگردی کے خلاف حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے سامنے آنے والی یہ خبریں کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات میں کمی لا رہا ہے اس سے اسلام آباد کی دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لئے کوششیں متاثر ہونگی۔ دی فنانشل ٹائمز کو دئیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات میں کمی لانے کے حوالے سے خطرہ مول لیتا ہے تو اس سے نہ صرف اس کے تجارتی مفادات متاثر ہونگے بلکہ دہشتگردی کی حوصلہ افزائی ہوگی اور افغانستان میں اس کی فوجی کاوشوں کےلئے بھی خطرات ہونگے۔