وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہوٹہ کے علاقہ نڑھ میں جلسہ عام سے خطاب

89
APP65-04 NARH: May 04 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi addressing a public gathering. APP

اسلام آباد۔4 مئی(اے پی پی )وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیشت‘ توانائی‘ مووٹر ویز سمیت عوامی خدمت کے ہر منصوبے پر محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مہر ثبت ہے‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خدمت اور شرافت کی سیاست کی‘ ہمارا مقابلہ اس جماعت سے ہے جو گالی‘ الزامات‘ بہتان کی سیاست کرتے ہیں‘ پاکستان کی عوام بہتان کی سیاست کامیاب نہیں ہونے دے گی‘ 2018کے الیکشن میں پاکستان کے عوام 2013 سے بھی زیادہ ووٹ دیکر دوبارہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کو کامیاب کرینگے‘ آئندہ الیکشن میں کسی اور کا نہیں صرف پاکستان کے عوام کا فیصلہ ہی چلے گا۔ وہ جمعہ کو کہوٹہ کے علاقہ نڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات‘ نشریات‘ قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب‘ وفاقی وزیر حافظ عثمان‘ ایم پی اے ثوبیہ انور ستی‘ راجہ صغیر احمد آف مٹور‘ بلال یامین ستی‘ بریگیڈئیر (ر) جاوید ستی‘ یونین کونسلوں کے چیئرمینو وائس چیئرمین‘ معززین علاقہ اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میری یہ خواہش تھی کہ بزرگ اور دوست کرنل (ر) یامین ستی (مرحوم) کے علاقے میں آﺅں اور ان کی قبر پر حاضری دوں‘ ہمارے ان کے ساتھ 30 سال کے روابط تھے‘ ہم نے سیاسی سفر بھی ساتھ ہی طے کیا ہے۔