
اسلام آباد ۔ 29 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ریلوے کی بحالی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیئے، جبکہ وزیر اعظم کو بتایا گیا ہے کہ 2013-14 میں ریلوے کی کل آمدن 18ارب 20کروڑ تھی، اب مسافروں سے ہونے والی آمدن 50 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے،مال بردار گاڑیوں کی آمدن ڈیڑھ ارب سے بڑھ کر 12ارب ہو چکی ہے، ریلوے بحالی کے لئے جامع معاشی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔منگل کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو وزارت ریلوے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے چار سال کے دوران اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، وزیر اعظم کو سی پیک کے تحت ریلوے کے ترجیحی منصوبوں سے آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے ریلوے کی بحالی کے لئے کوششوں کی تعریف کی۔ خواجہ سعد رفیق نے بریفنگ کے دوران بتایاکہ ریلوے کی بحالی کے لئے جامع پالیسی اختیار کی ہے، انہوں نے بتایا کہ جامع بزنس سٹرٹیجی ، انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، کرایوں کو معقول بنانے،بہتر اور شفاف منیجمنٹ سمیت ٹھوس اقدامات کی بدولت ریلوے میں نمایاں بہتری آئی ہے،2013-14 میں ریلوے کی کل آمدن 18ارب 20کروڑ تھی، مسافروں سے ہونے والی آمدن 50 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، انہوں نے بتایا کہ مال بردار گاڑیوں کی آمدن ڈیڑھ ارب سے بڑھ کر 12ارب 42کروڑ ہو چکی ہے، ریلوے بحالی کے لئے جامع معاشی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔