لاہور۔25اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف قومی اداروں میں اصلاحات لانے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں، شہباز شریف کی قیادت میں معیشت دوبارہ بحال ہوگی، ہم پاکستان کو دنیا میں معاشی طور پر باوقار ملک بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت داتا گنج بخش کے عرس مبارک میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ کا فضل ہے، پہلے بھی وزیر خزانہ رہا،اس بار مجھے کئی ذمہ داریاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پاکستان کومعاشی طو رپر بہت نقصان ہوا،کہا جاتا تھا پاکستان کو بھنور سے نکلنے میں 15سال لگیں گے لیکن محمد نواز شریف کی حکومت میں اللہ کے فضل سے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں صرف ساڑھے 3سال لگے، 2013میں اٹھارہ ، اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی ، ایک دن میں درجنوں دہشتگردی کے واقعات ہوتے تھے،
معیشت تباہ کن تھی،پھر اللہ تعالی نے کرم کیا، ساڑھے تین سال میں تمام مسائل حل ہوئے ، لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ، دنیا ہماری معیشت کی معترف ہو گئی اور کہا گیا کہ جس طرح پاکستان ترقی کر رہا ہے یہ جلد جی 20میں شامل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں 2017 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھا لیکن اس کے بعد اگلے چار سالوں میں پاکستان معاشی لحاظ سے 47ویں نمبر پر آ گیا اور یہ کوئی چھوٹا نقصان نہیں ہے ، آج جو ملک کے مسائل ہیں یہ اسی وجہ سے ہیں ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں ہماری کوشش ہے کہ معیشت بحال ہو اور ہم دوبارہ پاکستانیوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا اقدام لائق تحسین ہے جس میں انہوں نے چھیالیس ارب روپے مختص کر کے پنجاب کی عوام کو بجلی کے یونٹ میں چودہ روپے کا ریلیف دیا ہے
، اس سے پہلے شہباز شریف کابینہ کی منظوری سے 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو پچاس ارب روپے کی سبسڈی دے چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اس ملک نے مسلم امہ کی قیادت کرنی ہے ،اسے ہم نے ایٹمی قوت بنا دیا ، اب اسے معاشی قوت بنانا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=497267