تیانجن۔31اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک -ترک تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں سمیت وسیع میدان میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور تعاون میں مسلسل اضافے کو سراہا
۔ ترکیہ کے صدر نے پاکستان میں حالیہ مون سون کے دوران پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پر پاکستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت اور جاری اسرائیلی جارحیت اور نسل کشی کی پالیسیوں کی مذمت کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارم استعمال کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات استوار کرنے اور مسلم دنیا اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا ۔