لاہور۔5اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لئے، مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور میں پاکستان کو بحرانوں سے نکالا، مہنگائی کا گراف روزانہ کی بنیاد پر نیچے آ رہا ہے، مخالفین کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں اپنے حلقہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم کی جانب سے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی بہت بڑا ریلیف ہے،انہوں نے اتنا بڑا کام کر کے عوام اور تاجر برادری کے دل جیت لئے ہیں ، محمدشہباز شریف نے بطور وزیر اعظم اور وزیر اعلی ہر دور میں اپنا لوہا منوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی جماعت اور اسے عوام کے مسائل کا ادراک ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا اور ڈیفالٹ ہونے کے قریب پہنچ چکا تھا، ہمارے پاس امپورٹ کرنے کیلئے کچھ نہیں تھا لیکن محمدشہباز شریف نے اپنی مدبرانہ سوچ کی بدولت پاکستان کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے دن رات محنت کی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ملک میں انڈسٹری کے فروغ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں خا طرخواہ کمی کی ہے جس سے نوجوانوں کیلئے روز گار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے،پیداواری لاگت میں کمی اور ملکی معیشت میں استحکام آ ئے گا۔رانا مبشر اقبال نے کہا کہ قرضے کی شر ح سود ساڑھے بائیس سے بارہ فیصد پر آچکی ہے،مہنگائی بھی آہستہ آہستہ کنٹرول ہورہی ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جو ثمرات دیئے ہیں وہ عوام تک پہنچ چکے ہیں،ہمارے پاس زر مبادلہ تین ماہ سے زیادہ کے ہیں،ہم منی بجٹ لے کر نہیں آئے، بجٹ جون میں ہی آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے ہر دور میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں کی جانب گامزن کیا ،پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی ،انشاء اللہ گولڈ کو بھی سستا کریں گے ،اگلے چند دنوں میں عوام کو مزید ریلیف دیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین کو ترقی کردہ پاکستان ہضم نہیں ہو رہا ،اپنے چار سالہ دور میں انہوں نے ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا اور ملک کو بے دردی سے لوٹا،کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے لیکن ملک کے کسی کونے میں ایک بھی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا ،آج بھی ان کی کے پی کے میں حکومت ہے ،
وہاں پر قومی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی بجائے پارٹی کے جلسے جلوسوں پر استعمال کئے جا رہے ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578739