وزیر اعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کو ٹیلی فون،امریکہ کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت

9
Prime Minister Shahbaz Sharif
Prime Minister Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کو ٹیلی فون کرکےامریکہ کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملے آئی اے ای اےکے قانون اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے ایران کے صدر کو اتوار کی سہ پہر ٹیلی فون کیا اور پاکستان کی جانب سے امریکی حملوں، جو گزشتہ آٹھ دنوں کے دوران اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت کے بعد ہوئے کی مذمت کی۔ انہوں نے برادرایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیر اعظم نے تحفظات کا اظہار کیا کہ امریکی حملوں میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں تھیں ۔ یہ حملے آئی اے ای اےکے قانون اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے حق دفاع کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے امن کے لئے فوری طور پر مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا جو آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔

وزیر اعظم نے کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اجتماعی کوششوں پر بھی زور دیا اوراس تناظر میں پاکستان کے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر پیزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔انہوں نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر وزیراعظم، حکومت اور پاکستان کے عوام بشمول عسکری قیادت کا دلی شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس نازک موڑ پر امت کے درمیان اتحاد قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔