اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کے افسروں کی کارکردگی جانچنے کے لئےخودکار، ڈیجیٹل نظام کا اجراء کر دیا۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
وزیر اعظم کو پرال، ڈیجیٹل انوائسنگ اور پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے بریفنگ کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کے نئے ڈلیوری یونٹ کا دورہ اور افسران سے ملاقات کرائی گئی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ایف بی آر میں ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے جس میں نادرا، بینکنگ اور دیگر شعبوں سے ادائیگیوں و اثاثہ جات کی خریداری کا ڈیٹا لیا جا رہا ہے۔
ایف بی آر کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لئے ایف بی آر جدید و خودکار نظام کے اطلاق کیلئے اقدمات کر رہا ہے۔ وزیر اعظم کے ایف بی آر کی اصلاحات و ڈیجیٹائیزیشن کے وژن کے مطابق پوری ویلیو چین کو ڈیجیٹائیز کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل انوائسنگ کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں جس کا جلد اجراء کر دیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے ٹیکس گوشواروں کو مزید آسان کر دیا گیا ہے، نئے نظام کے تحت 35 سے زائد ایسی مزید کمپنیاں ٹیکس نظام میں شامل ہو گئی ہیں۔
وزیر اعظم نے ایف بی آر کے افسران کی کارکردگی کو بہتر کرنے اور سزا و جزاء کے اصول کو مد نظر رکھتے ہوئے افسران کی کارکردگی کی جانچ کے لئے مکمل طور پر خودکار اور ڈیجیٹل نظام کا اجراء بھی کیا۔ نظام کے تحت افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں مالی فوائد اور ترقی میسر ہو سکے گی۔
وزیر اعظم کو ایف بی آر کے نئے قائم کردہ ڈلیوری یونٹ کا دورہ بھی کروایا گیا جس میں افسران سے ملاقات کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نے نظام کا جائزہ بھی لیا۔ وزیر اعظم نے نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ڈلیوری یونٹ کے افسران ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ افسران ملک کے ٹیکس نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ملکی آمدن میں اضافے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584053