اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان عوام کے لئے ایک بہترین تحفہ ہے ،وزیر اعظم کا اعلان عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ہے۔ جمعرات کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے،بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا جو حکومت کی کامیابی کا ثبوت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے زرعی اور صنعتی شعبوں کو فروغ ملے گا ،حکومت کی موثر حکمت عملی اور معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم، ہر شعبے میں ترقی ہو رہی ہے حکومت کے عملی اقدامات سے کسانوں اور عوام کو حقیقی فائدہ پہنچ رہا ہے،کسانوں اور صنعتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا مسلم لیگ (ن) کی بنیادی ترجیح رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578295