وزیر اعظم شہباز شریف کا زیر تعمیر لاہور برج اور سی بی ڈی انڈر پاس کا دورہ،منصوبے کا جائزہ لیا،کام کی رفتار تیزکرنےکی ہدایت

274
وزیر اعظم شہباز شریف کا زیر تعمیر لاہور برج اور سی بی ڈی انڈر پاس کا دورہ ،منصوبے کا جائزہ لیا،کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

لاہور۔16اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کے روز زیر تعمیر لاہور برج اور سی بی ڈی انڈر پاس کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔لاہور برج کی کنسٹرکشن سائٹ کے دورہ کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو آگاہ کیاگیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے) نے یہ منصوبہ 2021میں 1712ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا مگر ( این او سی )نہ ملنے کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔

 

 

وزیر اعظم نے کام کی رفتا ر اور لیسکو کے شٹ ڈائون پروگرام پر ناراضگی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے اس تاخیر کا باعث بننے والے حکام کیخلاف قانونی کارووائی کرنے کی ہدایت کی اور یہ پراسیس دو ہفتوں میں مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام دو کی بجائے ایک ماہ کے عرصہ میں مکمل کرنے کا وقت دیا ۔

 

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی،چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔انہوں نے منصوبے کی توثیق کیلئے تعمیراتی کمپنی کی قیمت پر معروف تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے زیادہ کام کرنے والی افرادی قوت کو خصوصی مراعات بھی دی جائیں۔