وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام ہے کہ چاہے جتنے بھی جھوٹے مقدمے ہوںوہ انکا قانونی طور پر دفاع کریں گے اور میرٹ پر سرخرو ہوں گے، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

57

لاہور۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پیغام ہے کہ چاہے جتنے بھی جھوٹے مقدمے ہوں وہ انکا قانونی طور پر دفاع کریں گے اور میرٹ پر سرخرو ہونگے، خزانے کی اچھی صورت نہیں ہے لیکن عالمی طور پر جلد اچھی خبر ملے گی۔ وہ جمعہ کو لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حفظ الرحمن چوہدری، صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون، سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل رمضان چوہدری ، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر سردار اکبر ڈوگر سمیت بار کے موجودہ و سابق عہدے داروں کے علاوہ بار کے وکلا کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کہ ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس کی خبریں میڈیا میں چلی ہیں جن میں حقیقت نہیں ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وکلا کے مسائل کے لیے کمیٹی بنا دیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں وفاقی عدالتیں پھیلی ہوئی ہیں ،ان 30 عدالتوں کو اکٹھا کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ جون میں اسکا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا،وکلا کو ہائوسنگ سوسائٹی کے پلاٹ کے الاٹمنٹ لیٹر 30 جون سے پہلے مل جائیں گے۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ان کی پہلی و آخری جماعت کالا کوٹ ہے اور ان کا وقار عہدے سے نہیں بلکہ وکلا سے ہے ،ہائی کورٹ بار میرا گھر ہے ہے اور مجھے فخر ہے کہ میری پرورش اور آبیاری قاری اسی درودیوار میں ہوئی ہے، میرا تعلق اسی مٹی سے ہے اور اسی مٹی کے عوام کی خدمت کرنا میرامشن ہے ، وزارت آنے جانے والی چیزیں ہیں، یہی دعا ہے کہ جس عزت سے وزارت پر گیا ہوں اسی عزت سے واپس آجائوں۔

استقبالیہ سے صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے خطاب میں کہا کہ آئینی بحران ختم کرنے کیلئے عدلیہ کا کردار قابل تحسین ہے،عدلیہ آئین کا تحفظ کرتی ہے۔تقریب میں پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین حفیظ الرحمن چوہدری اور لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر اکبر ڈوگر نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے لاہور ہائیکورٹ بار کو دو کروڑ گرانٹ کا چیک بھی دیا اور کہا کہ ملک بھر کی دیگر بارز کو جلد مرحلہ وار گرانٹس فراہم کی جائے گی۔