وزیر اعظم شہباز شریف کی فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی

57
Prime Minister Shahbaz Sharif

دوشنبہ۔29مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں شر انگیزی پھیلانے والے فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے لورالائی میں 4 دہشت گردوں جو بلوچستان میں بد امنی پھیلانے کے مختلف واقعات بالخصوص N-70 میں 30 معصوم لوگوں کی شہادت کے ذمہ داران میں شامل تھے، کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔

وزیر اعظم نے ضلع کیچ میں بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والے مزید ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کرنے پر افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کی پذیرائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی پراکسیوں کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے افواج پاکستان شب و روز مصروف عمل ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔