وزیر اعظم شہباز شریف کی لندن ٹیک ویک 2025 میں پاکستان کی موثر موجودگی اور شرکت پر تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد

100

ابو ظہبی ۔12جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لندن ٹیک ویک 2025 میں پاکستان کی موثر موجودگی اور شرکت پر تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ٹیک مستقبل روشن ہے۔

جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق لندن ٹیک ویک 2025 میں پاکستان کی شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ میں لندن ٹیک ویک 2025 میں پاکستان کی موثر موجودگی اور شرکت پر تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،

اس بھرپور شرکت سے پاکستان کو ایک آگے بڑھتے ہوئے ملک کی حیثیت حاصل ہوئی ہے جو ٹیکنالوجی،اختراعات اور نوجوانوں کی دنیا کے ساتھ منسلک ہونے کی صلاحیت کو بروئے کار لا رہا ہے،اس طرح کے ایک اہم پلیٹ فارم پر ہماری موجودگی ہمارے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل فٹ پرنٹ اور عالمی اہداف کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں وزارت آئی ٹی،پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ، ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ہمارے ٹیک انٹرپرینیورز کو پاکستان کا وژن بھرپور انداز میں پیش کرنے پر سراہتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جیسا کہ ہم ایک علم کی بنیاد پر معیشت کی جانب اپنے سفر کو تیز تر کر رہے ہیں،ہماری حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے، ڈیجیٹل تبدیلی اور اس سے متصل عالمی تعلقات کے لئے پر عزم ہے،پاکستان کا ٹیک مستقبل روشن ہے۔