اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان پنجاب کے ضلع سرگودھا میں آج (بدھ کو) نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ضلع سرگودھا میں 6 مقامات پر 1,175 ، تین مرلہ گھر بنائے جائیں گے۔ حکومت پنجاب اس منصوبے کے لیے زمین مہیا کرے گی اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔ تعمیراتی کام فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ بینک آف پنجاب مارگیج کی سہولت کا ذمہ لےگاجس کی بدولت مستحق افراد گھر کی کل قیمت آسان اقساط میں ادا کر سکیں گے۔
اس منصوبے میں گھروں کی الاٹمنٹ کے لیے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی مستحق افراد میں قرعہ اندازی کے ذریعے گھر الاٹ کرے گی۔ اس منصوبے کے لیے 33,528 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔اس منصوبے پر تعمیراتی کام نیشنل لاجسٹک سیل اور فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن مشترکہ طور پر سر انجام دیں گے