اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان احساس کفالت کے تحت مستحقین کے اندراج کا جائزہ لینے اور ان سے گفتگو کرنے کیلئے بدھ کواسلا م آباد کے مختلف علاقوں کادورہ کریں گے ، نئے مستحقین کا اندراج نئے سروے کے اعدادوشمار پر منحصر ہے ، احساس سروے 68 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور نئے سروے کے تحت نشاندہی کئے جانے والے مستحق افراد کو بدھ سے ادائیگیاں کی جائیں گی ۔تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نئے سروے کے ذریعے اندراج کئے جانے والے تمام مستحق افراد کومستقل بنیادوں پر 2000روپے ماہانہ دیئے جائیں گے تاکہ ان کی بنیادی ضروریات میں ان کی مدد کی جاسکے ۔ مجموعی طور پر 70لاکھ مستحقین کو احساس کفالت میں شامل کیا جائیگا ، انہیں جنوری تا جون2021تک کی مدت کیلئے 12000روپے دیئے جائیں گے ۔ہر مستحق فرد کو ایس ایم ایس موصول ہوگا جس میں یہ بتایا جائیگا کہ انہیں احساس پروگرام میں شامل کرلیا گیا ہے اور وہ اپنی امدادی رقم وصول کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ اس حوالے سے انہیں ایک سرکاری خط بھی موصول ہوگا ۔ یہ مستحق خواتین 6000روپے فی سہ ماہی وصول کریں گی ۔خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کی مستحقین بائیومیٹرک اے ٹی ایمز، مقرر کردہ ریٹیل شاپس اور بینک الفلاح کی کیمپ سائٹس سے جبکہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کی مستحقین حبیب بینک کی کیمپ سائٹس سے رقوم نکلواسکیں گی ۔ تمام نئے کفالت مستحقین 8171سے پیغامات موصول ہونے کے بعد بائیومیٹرک اے ٹی ایمز اور بینک برانچوں سے رقوم حاصل کرسکیں گی ۔ مستحق گھرانوں کو ادائیگی کے پیغامات مرحلہ وار بنیادوں پر بھیجے جارہے ہیں ۔ وہ اہل گھرانے جن کی خواتین کے پاس کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نہیں ہیں ان کو 8171سے پیغامات بھیجے جائیں گے تاکہ وہ شناختی کارڈ بنوالیں ۔جیسے جیسے سروے ہوتا جائیگا، رواں سال کے جون تک ادائیگیاں جاری رہیں گی ۔ یہاں تک کہ جون میں اندراج ہونے والے مستحقین کو بھی پورے 12000روپے دیئے جائیں گے ۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وہ افراد جو احساس میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں وہ احساس سروے میں حصہ لیں ۔ سروے مکمل ہونے کے بعد رہ جانے والے گھرانوں کیلئے ہر تحصیل میں رجسٹریشن ڈیسک لگائے جائیں گے تاکہ وہ اپنا اندراج کراسکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں لوگوں کی رہنمائی کیلئے سوشل میڈیا پر کفالت اور سروے سے متعلق پوچھے جانے والے سوالوں کے سادہ زبان میں جوابات پر مبنی ویڈیوز جاری کروں گی