اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اصول پسند شخصیت ہیں، وہ کبھی بھی جاری احتسابی عمل پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویزن کے مطابق حکومت نے احتساب کی پالیسی بنائی ہوئی ہے جس کے تحت ہر عہدیدار چاہے وہ پارٹی میں سے ہو یا پارٹی سے باہر کو اپنے حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کو کیسز پر تحفظات ہوسکتے ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان قانون کے مطابق سب کیلئے یکساں احتساب کے حامی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ جہانگیر خان ترین پارٹی کے اہم رکن ہیں اور وہ خود قانونی کی حکمرانی اور بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا نعرہ ہی احتساب ہے ،جس طرح دوسروں کا احتساب ہو رہا ہے اسی طرح پارٹی کے اندر بھی احتساب بہت ضروری ہے، وہ عناصر جو حکومتی پالیسی پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں انہیں بھی اپنے کئے ہوئے اقدامات کا حساب دینا ہوگا۔