اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے مابین کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے ہیں، وزیر اعظم عمران خان قومی مصالحتی آرڈیننس (این آر او) اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے مقدمات کے سوا ہر معاملے پر حزب اختلاف سے بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جارہے ہیں، حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرے گی۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جلسوں سے کورونا وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماو¿ں کا ریاست مخالف بیانیہ عوام کی پاک فوج سے محبت کو کم نہیں کرسکتا، ہماری افواج کے بہادر سپاہی اپنی مادر وطن کے دفاع کے لئے بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے متعدد بار کہا ہے کہ فوج ہر جمہوری حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ حزب اختلاف کی طرف سے گلگت بلتستان میں حالیہ عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی پر حکومت کو احتجاج کی دھمکی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے دوسری جماعتوں کو مسترد کردیا ہے اور انتخابات کے دوران پاکستان تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں کا انتخاب کیا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔