وزیر اعظم عمران خان جلد سپورٹس سکالرشپ کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں،معاون خصوصی عثمان ڈار

75

سیالکوٹ۔11جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جلد سپورٹس سکالرشپ کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے صرف اس ٹیلنٹ کونکھارنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وی آئی پی گرائونڈ میں لاہور قلندرز اور کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے اشتراک سے ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹرائلزکے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز وزیر اعظم پاکستان کےویژن کے مطابق پاکستان کے وسیع تر مفاد میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے رضا کارانہ طور پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نےپاکستان کے 5لاکھ نوجوانوں کا ٹیلنٹ ہنٹ کیا،جس سے فخر زمان ،حارث رئوف اور شاہین شاہ آفریدی جیسے قومی ہیروز سامنے آئے۔

آج لاہور قلندر کا سارا تجربہ پاکستان کی کرکٹ کے کام آرہا ہے،جس طرح لاہور قلندراورکامیاب جوان پروگرام ٹیم محنت سے کام کر رہی ہےاس سے مزید اچھے ہیروز سامنے آئیں گےجو پاکستان کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کو دوسرے مرحلے میں جنوبی پنجاب میں لیکر جائیں گے۔صحت کے لیے بھی کھیل کی سرگرمیاں ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو مالی طور پر خود مختار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں سیالکوٹ کی ٹیم کو شامل کرنے میں بہت زیادہ لوگ دلچسپی لے رہے ہیں۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولرشاہین شاہ آفریدی،سی ای او لاہور قلندرزعاطف رانا،سابق فاسٹ بائولر و کوچ لاہور قلندرز عاقب جاویدبھی موجود تھے۔

قبل ازیں وی آئی پی گرائونڈ سیالکوٹ میں لاہور قلندرز اور کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے اشتراک سے ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹرائلزکا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے ٹرائلز دیئےجہاں کھلاڑیوں کو تین رائونڈز سے گزرنے کے بعد سیلیکٹ کیا جائے گا۔