لاہور۔6مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے جمعرات کو رائے ونڈ سے واپسی پر گور نر ہائوس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ملاقات کی۔جس میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی، گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب آ ب پاک اتھارٹی کے منصوبوں اور یونیورسٹیز میں اصلاحات سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے بر یفنگ دی۔اس موقع پر وزیرا علی پنجاب سردار عثمان بزدار ،صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک ،چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد اورپر نسپل سیکرٹر ی ٹو گور نر پنجاب ڈاکٹر راشد منصور سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وزیراعظم عمران خان کو لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 4ارب روپے کی لاگت سے پینے کے صاف پانی کے منصوبوں اور یونیورسٹیز میں اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بر یفنگ دی اور کورونا سے پیداہونے والے حالات ،ملکی سیاسی اور دیگر امور بارے بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو ہر شعبے میں ریلیف اور غر یب آدمی کو چھت سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام وسائل بیروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ حکومت معاشی سمیت دیگر شعبوں میں کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے اور آج تمام عالمی معاشی ادارے پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام کا اعتراف کر رہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے گور نر پنجاب کو صوبے میں پینے کے صاف کے منصوبوں میں مزید تیزی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتی علاقوں میں بھی پنجاب آب پاک اتھارٹی کا پینے کا صاف پانی فراہم کرنا قابل تحسین ہے۔