وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس کے نو منتخب صدر وولکن بوذکر کی ملاقات 5ماحولیاتی تبدیلیوں، اسلامو فوبیا اور ترقی پذیر ممالک سے دولت کے غیر قانونی منتقلی پر اپنی ترجیحات، ان معاملات کو جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اہمیت دینے کو اجاگر کیا

136

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس کے نو منتخب صدر وولکن بوذکر نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وولکن بوذکر کو اقوام متحدہ کے 75 ویں تاریخی اجلاس کاصدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے انہیں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ یہ تنازعہ 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔ وزیر اعظم نے 5 اگست 2019ء سے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی اور انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر اور منظم انداز سے کئی گئی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی صورتحال اور بھارت کی طرف سے علاقے کے ڈیمو گرافک سٹرکچر کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ اس سنگین صورتحال اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کوان کا حق خوارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ وزیر اعظم ن انہیں کووڈ۔19 کی وبا کے معاشی و سماجی اثرات سے نمٹنے کے لئے اپنی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات، جس کا مقصد عوام کی زندگی بچانے کے ساتھ انہیں ضروریات زندگی فراہم کرنا اور معیشت کا پہیہ چلانا بھی تھا کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ ان کی حکومت نے معاشرے کے ضرورت مند اور مستحق طبقات کے لئے8 ارب ڈالر کاامدادی پیکج دیا۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی حکومت کی طرف سے دیا جانے والا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پیکج تھا۔ وزیراعظم نے قرضوں کی معافی کے حوالے سے عالمی سطح پر اقدامات کے سلسلہ میں اپنی کوششوں کے بارے میں بھی انہیں بتایا اور کورونا وائرس کی وبا کے سماجی و معاشی اثرات کو کم کرنے کیلئے ترقی پذیر ممالک کو زیادہ مالیاتی تعاون فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرا عظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر کو ماحولیاتی تبدیلیوں، اسلامو فوبیا اور ترقی پذیر ممالک سے دولت کے غیر قانونی منتقلی پر اپنی ترجیحات اور ان معاملات کو اہمیت دینے کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس میں ان معاملات کو اہمیت دی جائے گی کیونکہ دنیا کے اربوں انسانوں کا مستقبل اس سے وابستہ ہے۔