
اسلام آباد ۔ 31دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے دیامر بھاشا ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں اوورسیز پاکستانیوں کے جذبہ کونہایت حوصلہ افزاء اور قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پانی کے ذخائر کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈیم فنڈ میں اندرون اور بیرون ملک سے جو ردعمل ملا ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ امید کی جا سکتی ہے کہ یہ منصوبے مقررہ وقت سے بھی پہلے شروع ہو جائیں گے، وہ بہت جلد مہمند ڈیم منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو دبئی سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیز کے بزنس وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ممتاز مسلم کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔ وفد میں امجد علی خان، ماجد بشیر اور مصطفی قاسم شامل تھے۔ وزیرِ اعظم کو سینیٹر فیصل جاوید نے ڈیم فنڈ ریزنگ ایونٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کے ممبران نے دبئی میں سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے منعقد ہ ڈیم فنڈ ریزنگ میں 9 لاکھ 18ہزار 510 ڈالر (918510) دیامر بھاشا ڈیم فنڈ کے لئے عطیہ کیا۔