اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کی ملاقات کی ہے۔پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران معاون خصوصی ملک امین اسلم نے وزیر اعظم عمران خان کو وزارت کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں آگاہ کیا کہ قدرتی وسائل کو تحفظ دینے کے لیے مزید دو نیشنل پارکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔معاون خصوصی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایات کے مطابق کلین گرین انڈیکس کے تحت ایوارڈز کی تقریب جلد منعقد کی جائے گی۔انہوں نے وزیر اعظم کو 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے ساتھ انٹرنیشنل بون مقابلے میں شرکت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔وزیر اعظم عمران خان نے قدرتی وسائل کے تحفظ کی خاطر لیے گیے اقدامات پر معاون خصوصی ملک امین اسلم کی کاوشوں کو سراہا۔