
اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے جاپان کی حکومت کے پاکستان کے ساتھ روابط میں اضافے اور پاکستان میں وسیع تر سرمایہ کاری میں جاپانی کمپنیوں کی معاونت کرنے کے فیصلہ کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کاروبار دوست ماحول کویقینی بنانے اور کاروبار میں آسانی پیداکرنے کے لئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات مٹسوبشی کارپوریشن جاپان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے کارپوریشن کے سینئر نائب صدر/چیف ایگزیکٹو کیمی ہیدی اینڈوکی سربراہی میں منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ پاکستان میں کنٹری ہیڈ اتسوشی فیوجی، جنرل مینجر کینی چیرو اور دیگر عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد، چیئرمین انرجی ٹاسک فورس ندیم بابر اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔ مٹسوبشی کارپوریشن کے سینئر صدر نے وزیر اعظم کو پاکستان کے ساتھ کارپوریشن کی منافع بخش کاروباری منصوبوں کی حامل 6 دہائیوں پر محیط دیرینہ وابستگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کو موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالسیوں سے بہت حوصلہ ملا ہے اور وہ بالخصوص ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اپنی وابستگی کو مزید تقویت دیناچاہتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایاکہ جاپان کی حکومت نے پاکستان کے ساتھ اپنے رابطے بڑھانے اور ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے جاپانی کمپنیوں کی معاونت کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے جاپان حکومت کے فیصلے اور ملک میں وسیع ترکاروباری مواقع تلاش کرنے کے لئے مٹسوبشی کارپوریشن کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانے اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا۔