اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب سے متعلق تمام معاملات پر پیش رفت کی ذاتی طور پر مستقل نگرانی کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوارمخدوم خسرو بختیار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے علاقائی تنظیمی ڈھانچے اور جنوبی پنجاب کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کو مضبوط اور فعال بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے علاقے کے لوگوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ذاتی طور پر جنوبی پنجاب سے متعلق تمام معاملات پر پیشرفت کی مستقل بنیادوں پر نگرانی کریں گے۔